حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جمہوریہ ایران میں رسول خدا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ و علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شہادت کے حوالے سے کل رات سے شروع ہونے والی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور ملک بھر کی مساجد و امام بارگاہوں اور مقامات مقدسہ میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں۔ بعض شہروں میں جلوس ہائے عزا بھی برآمد کیے جا رہے ہیں جن میں بڑی تعداد میں عزادار شریک ہیں۔
حضرت رسول (ص) و نواسہ رسول (ع) کی رحلت و شہادت کےسلسلے کا سب سے بڑا اجتماع مشہد المقدس میں بارگاہ حضرت علی ابن موسی الرضا میں منعقد کیا جا رہا ہے جہاں ایران اور دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین کی کثیر تعداد موجود ہے اور روضہ رضوی کے تمام صحن اور راہداریاں عقیدت مندوں سے چھلک رہی ہیں۔ ارد گرد کی تمام شاہراہوں پر لوگ ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے بارگاہ رضوی کی جانب رواں دواں ہیں اور آپ کو آپ کے جد بزرگوار کا پرسہ دے رہے ہیں۔
قم المقدس میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضے میں بھی ہزاروں کی تعداد میں ملکی اورغیر ملکی زائرین جمع ہیں اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ قم المقدسہ کے بعض علاقوں سے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بھی برآمد کیے جا رہے ہیں جو بارگاہ حضرت معصومہ پہنچ کر ختم ہوں گے۔
دارالحکومت تہران میں حضرت عبدالعظیم حسنی اور امامزادہ صالح علیہ السلام کا روضہ زائرین سے بھرا ہوا ہے اور علمائے کرام فضائل و مناقب اہلبیت علیھم السلام بیان کر رہے ہیں۔
عراق، شام، لبنان اور دنیا کے دیگر شہروں میں بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسولۖ حضرت امام حسن علیہ السلام کی شہادت کی مناسبت سے مجالس غم اور جلوس ہائے عزا برآمد کئے جارہے ہیں۔